بنگلورو ،20؍ دسمبر (ایس او نیوز) کرناٹک قانون ساز کونسل کے صدر نشین پرتاب چندر شیٹی نے سکریٹری کے آر مہا لکشمی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ ان واقعات کی وضاحت کریں جن کے نتیجہ میں ایوان میں منگل کو شور شرابہ برپا ہوا تھا اور کس بنا پر اس سلسلہ میں کارروائی نہیں کی گئی۔ سکریٹری کو نوٹس کا جواب دینے 48 گھنٹوں کی مہلت دی گئی ہے۔
شیٹی نے کنڑی زبان میں تحریر کردہ ایک صفحاتی نوٹس میں بتایا کہ آپ یعنی مہالکشمی نے کونسل کے سکریٹری کے عہدہ کے دائرہ کار سے متجاوز قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کیا ہے۔ اس دن یعنی 15 دسمبر کو آپ نے غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کیوں اختیار کیا تھا؟ کیوں نہ آپ کے خلاف کارروائی کی جائے؟ شیٹی نے یہ بھی بتایا کہ ایوان میں ان کے داخلہ اور وہاں سے راونگیکے موقع پر کیا ہوا ہے؟ میں نے آپ کو ہدایت کی تھی کہ آپ کورم کی گھنٹی بند کریں، کیوں کہ اس وقت یہ گھنٹی بج رہی تھی، حتیٰ کہ کورم بھی عمل میں نہیں آرہا تھا۔ کس بنا پر صدر نشین کے داخلہ سے قبل دروازوں کو مقفل کیا گیا تھا؟ انہوں نے یہ بھی سوال کیا کہ کن حالات کے تحت نائب صدر نشین ایس ایل دھرمے گوڑا نے اس وقت کرسی صدارت کا استعمال کیا تھا جب کہ شیٹی ہنوز آفس میں ہی تھے۔ شیٹی نے یہ بھی وضاحت طلب کی کہ ایوان کے طریقہ کار یا پروٹوکول کے بارے میں نائب صدر نشین کو تازہ ترین معلومات کی فراہمی کے بجائے سکریٹری نے کس بنا پر ایوان کا کام جاری رکھا؟ کیا یہ فرض منصبی سے تغافل نہیں ؟ صدر نشین نے بتایا کہ اگر ایوان میں صدر نشین حاضر نہ ہوں تو سکریٹری اس کا انچارج ہوتا ہے ، لیکن ریکارڈ کردہ تصاویر سے اس بات کا اظہار ہوا ہے کہ انہوں نے اس وقت نائب صدر نشین کی مخالفت نہیں کی جب کہ قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نائب صدر نشین کرسی صدارت پر براجمان تھے۔
کرناٹک کے گورنر نے کونسل کے اجلاس کی دوبارہ طلبی کے بارے میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ اجلاس کو بلاتعین مدت ملتوی کردیا گیا ہے۔ کونسل میں زبردست ڈرامہ اس وقت پیش آیا جب کہ بی جے پی۔ جنتادل (سیکولر ) اور کانگریس کے ارکان نے ایک دوسرے کو دھکیلتے ہوئے گالی گلوج کی تھی۔ اس وقت بی جے پی نے ذبیحہ گاؤ امتناع بل پر تبادلہ خیال کے لئے دن بھر کے لئے ایوان کا انعقاد مقرر کیا تھا، اگر چہ کونسل کے ایجنڈے میں مختلف پارٹیوں کے ارکان سے متعدد تحریکات توجہ دہانی کے ساتھ کونسل کے ایجنڈے میں ذبیحہ گاؤ بل کو بھی شامل کروایا تھا ، لیکن شیٹی کے خلاف قرار داد عدم اعتماد کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ۔ بھگدڑ کے دوران کانگریس کے ارکان جنہوں نے کرسی صدارت پر کورم کی گھنٹی بجنے سے قبل قبضہ کر لیا تھا انہوں نے صدر نشین کی نشست سے نائب صدر نشیندھرمے گوڑا کو گھسیٹ لیا تھا۔ بی جے پی کے ارکان نے باب الداخلہ کو بند کردیا تھا ، جس کے ذریعہ کام کاج کے اوقات کے دوران صدر نشین ایوان میں داخل ہوتے ہیں اور اس سے باہر جاتے ہیں۔